اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات رواں ماہ 25 ستمبر کو متوقع ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے اقوام متحدہ کے دورے کے دوران اس ملاقات کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور اس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی بات چیت میں پیش رفت ہو چکی ہے اور ایجنڈا، وقت اور مقام کو حتمی شکل دینے پر مشاورت جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات دوحہ میں مسلم ممالک کی کانفرنس اور اسرائیلی حملوں کے پس منظر میں کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر حالیہ دورہ دوحہ اور ریاض کے بعد 25 ستمبر کو امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق اگرچہ صدر ٹرمپ 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب اور عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، تاہم تفصیلی ملاقات 25 ستمبر کو واشنگٹن میں متوقع ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اس ملاقات میں قطر اور سعودی عرب کی مشاورت شامل ہے اور ان کی حمایت بھی حاصل ہے۔ ایجنڈے میں اسرائیلی جارحیت کے اثرات، پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریاں اور پاک بھارت تعلقات جیسے اہم امور پر گفتگو کی جائے گی۔پاکستانی سفارتخانے نے اس ملاقات کے حوالے سے نہ تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید۔