اسلام آبا (نیو ز ڈ یسک )کراچی کے علاقے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں ایک گھر سے تین خواتین کی لاشیں ملنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ملیر کینٹ تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں خواتین کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا گیا۔ واقعے میں ایک کمسن بچی اور ایک مرد بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ابتدائی طور پر جاں بحق خواتین کی شناخت مینا، دانیہ اور عاشی کے ناموں سے کی گئی ہے، جبکہ زخمی لڑکی نندنی اور زخمی مرد کی شناخت اجے کے نام سے ہوئی ہے جو مقتولہ خواتین کا ماموں بتایا جارہا ہے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ اجے ہی نے خواتین پر حملہ کیا، تاہم حتمی تفتیش جاری ہے اور کرائم سین یونٹ شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ایک اور خاتون بھی زخمی حالت میں اسپتال لائی گئی ہیں، جن کا نام پریا بتایا جارہا ہے۔ وہ مقتولین کی ہمسایہ ہیں جو شور و غل سن کر گھر میں داخل ہوئیں تو ان پر بھی اجے نے حملہ کردیا۔واقعے پر وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک واقعے کے محرکات ہر پہلو سے سامنے لائے جائیں گے اور ذمہ دار کو قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔