اسلام آبان (نیو ز ڈ یسک( لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں ایک شہری کو گاڑی میں ملکہ ترنم نور جہاں کا مشہور گانا اونچی آواز میں چلانا مہنگا پڑ گیا، پولیس نے شہری کے خلاف ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ نواب ٹاؤن پولیس نے اے ایس آئی رحمت کی مدعیت میں ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی۔ ایف آئی آر کے متن میں درج ہے کہ ملزم اپنی گاڑی میں گانا غیر معمولی بلند آواز میں بجا رہا تھا، جو ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
پولیس کے مطابق جب اہلکاروں نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو شہری نے موقع سے بھاگنے کی کوشش کی، تاہم تعاقب کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ایس ایچ او میاں تحسین احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قانون توڑنے پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ ایس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر نے واضح کیا کہ ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔