لاہور (این این آئی) جدہ روانہ ہونے والے عمرہ زائرین کو گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 2الگ الگ ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔میڈیا ذرائع کے مطابق ایئرلائن کے مطابق پہلی پرواز، پی اے 470، ایئربس اے 320رات گئے لاہور سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی تاہم دورانِ پرواز طیارے کے موسمی ریڈار میں اچانک فنی خرابی پیش آگئی جس کے بعد پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا اور طیارے کو مزید پرواز کے قابل نہ سمجھتے ہوئے گرائونڈ کر دیا گیا۔ ایئرلائن انتظامیہ نے فوری طور پر مسافروں کی سہولت کے لیے متبادل طیارے کا بندوبست کیا۔
منگل کی رات تقریباً ساڑھے 9بجے زائرین کو دوبارہ جدہ کے لیے روانہ کیا گیا لیکن روانگی کے فوراً بعد ہی جہاز کو ایک اور حادثاتی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جہاں ٹیک آف کے چند لمحوں بعد ہی طیارے سے ایک پرندہ ٹکرا گیا، جس پر پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی اور حفاظتی اقدامات کے تحت پرواز کو واپس کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا۔ترجمان کے مطابق دوسرا طیارہ بھی گرایونڈ کر دیا گیا ہے تاکہ مکمل معائنہ کیا جا سکے اور زائرین کو ایک بار پھر لانج منتقل کیا گیا، جہاں وہ تیسری پرواز کے انتظار میں ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین کو نئے متبادل طیارے کے ذریعے جدہ روانہ کیا جائے گا تاکہ ان کے عمرے کی ادائیگی میں مزید تاخیر نہ ہو۔