اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور (نیوز ڈیسک) ماڈل ٹاؤن کی ایک خاتون کو اپنے ہی شوہر پر اندھا اعتماد مہنگا پڑ گیا، شادی کے دو برس بعد 80 تولے سونے کی چوری کا الزام اسی پر ثابت ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون کی سوشل میڈیا پر فیصل جاوید نامی شخص سے دوستی ہوئی تھی جو جلد ہی رشتہ ازدواج میں بدل گئی۔ تقریباً دو سال قبل دونوں کا نکاح ہوا اور گھریلو زندگی خوشگوار انداز میں گزر رہی تھی۔
چند دن قبل خاتون اپنی بہن کے گھر گئیں تو واپس آکر حیران رہ گئیں کیونکہ ان کے گھر سے 3 کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات غائب تھے۔ خاتون نے فوری طور پر ماڈل ٹاؤن تھانے میں رپورٹ درج کرائی۔شکایت میں بتایا گیا کہ تقریباً 80 تولے سونا لاپتہ ہے جبکہ گھر کے تالے اور دروازے مکمل طور پر محفوظ تھے، کسی قسم کی زبردستی داخلے کی نشاندہی نہیں ملی۔پولیس نے حالات کو مشکوک جانتے ہوئے قریبی رشتہ داروں پر نظر ڈالی اور خاتون کے شوہر مہر فیصل جاوید کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کی۔ تین گھنٹے کی سخت تفتیش کے بعد ملزم نے آخر کار اعتراف کر لیا کہ زیورات اسی نے بیوی کی غیر موجودگی میں چرا کر گھر ہی میں چھپا دیے تھے۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فیصل جاوید کی نشاندہی پر تمام زیورات برآمد کرلیے اور اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا۔