اسلام آباد (این این آئی)حکمران جماعت مسلم لیگ(ن)کے وفاقی وزیر حنیف عباسی نے خواجہ محمد آصف پر نام لیے بغیر طنز کے تیر چلادئیے ہیں۔قومی اسمبلی اجلاس کے دوران حنیف عباسی نے کہا کہ ہمیں شوق ہوتا ہے کبھی بیوروکریسی کو گالی دیتے ہیں، کبھی سیاستدانوں اور کبھی اپنے ہی نظام کو ہائبرڈ کہہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر نظام اتنا ہی گندا، لوگ اتنے ہی برے ہیں اور یہی کچھ کہنا ہے تو حکومت سے اٹھ کر اپوزیشن میں چلے جائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ راولپنڈی میں تجاوزات ہیں اور میں کہوں اس میں قصوروار نہیں، آپ کہہ رہے ہیں نظام گندا ہے، آپ 40 سال اس نظام کا حصہ رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی معیشت ہو یا دفاع ہو، یہ مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہم اس ایوان کا تقدس خود پامال کرتے ہیں۔حنیف عباسی نے کہا کہ اپنے وائرل ہونے کیلئے وزیراعظم اور وزیراعلی کو ڈس کریڈٹ کرتے ہیں، یہ اپنے آدھا کلو گوشت کی خاطر پوری بھینس ذبح کرنے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔