اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف کے حکم پر حکومت سندھ نے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو جانے سے روک دیا۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے چاروں صوبوں کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مون سون کی بارشیں شدید ہیں، سیاحتی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں اس لئے سیاحوں کو ان کی قیمتی زندگی کے تحفظ کی خاطر ان علاقوں میں جانے سے روکا جائے۔جو علاقے پہاڑی ہیں وہاں ہر صورت میں سیاحوں کو جانے سے روکا جائے کیونکہ وہاں زیادہ پانی ہے اور پہاڑی تودے بھی گر رہے ہیں۔
وزیر اعظم ہاؤس کے خط پر حکومت سندھ نے بارشوں کے دوران سیاحوں کو سیاحتی مقامات پر جانے سے روکنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔ چیف سیکریٹری نے تمام کمشنرز اور صوبائی ڈزاسٹر مئنجمنٹ اتھارٹی کو حکم جاری کرکے سیاحوں کو روکنے کا حکم جاری کردیا ، چیف سیکریٹری نے صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو خط لکھ دیا کہ وہ فوری طور پر اس حکم پر عمل کرائیں۔صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور کمشنرز کے حکم پر ڈپٹی کمشنرز نے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو روکنے کیلئے اقدامات کردیئے ہیں۔سندھ میں گورکھ ہل ، ڈاڑھیارو جبل اور تھرپارکر کے علاقہ ننگر پارکر میں سیاحوں کو جانے سے روکنے کا حکم دے دیا گیا ہے ۔