لاہور (این این آئی)ملک کی تاریخ میں پہلی بار سیلاب متاثرین کی نشاندہی کے لئے ڈرون ٹیکنالوجی کا کامیابی سے استعمال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سیلابی پانی میں محصور افرادکی تلاش کے لئے تھرمل امیجنگ ڈرون کیمروں کی رانیں جاری ہے۔ مختلف شہروں میں تھرمل امیجنگ ڈرون سے دشوار گزار دور افتادہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کی نشاندہی کے بعد کامیاب ریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔ ڈرون کیمرے کی مدد سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سرویلنس آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔
جھنگ کے علاقے سیمی پل بائی پاس سرگودھا روڈ اور دیگر علاقو ں میں ڈرونز کی مدد سے سیلابی ریلے میں گھرے افراد اور لائیوسٹاک کو تلاش کیا گیا۔ تھرمل امیجنگ کیمرے نے سیلابی پانی میں گھرے ہوئے پانچ افراد اور مویشیوں کی نشاندہی پر لوکیشن ٹریس کر کے ریسکیو ٹیم نے پانچ افراد اور ما ل مویشیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر چشتیاں کی دریائی بیلٹ میں بھی سیلاب متاثرہ علاقوں سے ڈرون کیمروں کے ذریعے متاثرین کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے ریسکیو بوٹس کی سرویلنس بھی جاری ہے۔ بہاولنگر کی دریائی بیلٹ کے سیلاب متاثرہ علاقو ں میں بھی تھرمل امیجنگ ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ تھرمل امیجنگ ڈرون کیمروں کے ذریعے سیلابی پانی میں گھرے افراد اور مویشیوں کی آسانی سے نشاندہی ممکن ہورہی ہے۔