اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے ضلع وزیر آباد میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا، جہاں حاملہ خاتون کے تین نومولود بچے بروقت طبی سہولیات نہ ملنے کے سبب انتقال کر گئے۔یہ افسوسناک سانحہ سوہدرہ کے رانا علاقے میں پیش آیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق، سیلابی پانی کے باعث سڑکیں زیر آب تھیں، جس کے نتیجے میں آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی۔متاثرہ خاتون اسپتال بروقت نہ پہنچ سکیں اور راستے میں ہی تین بچوں کو جنم دیا۔ اطلاعات کے مطابق، نومولود دو بچیاں اور ایک بچہ فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث جانبر نہ ہو سکے۔
علاقہ مکینوں نے شکوہ کیا کہ وزیر آباد سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولیات محدود ہیں اور سیلابی صورت حال کے دوران حاملہ خواتین اور بچوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔مقامی حکام نے کہا ہے کہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم شدید پانی کی موجودگی اور ڈوبی ہوئی سڑکوں کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، حالیہ سیلاب کے بعد پنجاب کے مختلف اضلاع میں بروقت طبی امداد کی فراہمی کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے، جس سے نہ صرف حاملہ خواتین بلکہ دیگر کمزور طبقات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔انتظامیہ نے مزید موبائل اسپتال اور ریسکیو ٹیمیں تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔