اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے سیلاب سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق اب تک 30 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 2 ہزار 308 موضع جات زیرِ آب آ گئے ہیں۔ سیلاب سے مجموعی طور پر 15 لاکھ 16 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بتایا کہ 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ شدید متاثرہ علاقوں میں 511 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
ان کے مطابق 351 میڈیکل کیمپس متاثرہ اضلاع میں طبی امداد فراہم کر رہے ہیں، اور مویشیوں کے علاج کے لیے 321 ویٹرنری کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 4 لاکھ 5 ہزار مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے۔ سیلاب کے باعث 30 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ لاہور میں آسمانی بجلی گرنے سے مزید 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر متاثرہ شہریوں اور کسانوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ان کی مالی معاونت کی جائے گی تاکہ نقصانات کا ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔