اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت کی جانب سے پانی کے اخراج اور مسلسل بارشوں کے نتیجے میں دریائے راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی آگئی، جس سے پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔ صوبے کے مختلف اضلاع کے 1470 سے زائد دیہات زیرِ آب آگئے، 14 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، مویشی بہہ گئے اور اب تک 28 ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق، دریائے چناب میں شدید سیلاب کے خطرے کے پیش نظر جھنگ شہر کو محفوظ رکھنے کے لیے رواز پل کے قریب شگاف ڈال دیا گیا۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ دریائے چناب کے قریب آباد شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی مکمل کر لی گئی ہے۔ فیصل آباد اور جھنگ کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ تمام افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔