اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر آباد میں آج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورے کے بعد سیلاب متاثرین کھانا کھا کر واپس چلے گئے اور فلڈ ریلیف کیمپ کو بند کر دیا گیا۔دورے سے قبل سوہدرہ کے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں ریلیف کیمپ قائم کیا گیا تھا، جہاں خیمے، کرسیاں، گدے، ادویات اور کھانے پینے کا سامان پہنچایا گیا تھا۔مریم نواز نے کیمپ کا معائنہ کیا، سیلاب زدگان سے ملاقات کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔
اس موقع پر انہوں نے متاثرہ بچوں کے ساتھ کھانا بھی کھایا اور سیلاب متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔تاہم، وزیر اعلیٰ کے دورے کے بعد کیمپ ختم کر کے سامان واپس روانہ کر دیا گیا، جب کہ متاثرین بھی کھانا کھانے کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق، متاثرین عارضی طور پر کھانے کے لیے آتے ہیں اور صبح دوبارہ ڈاکٹر اور عملہ ڈیوٹی پر موجود ہوگا۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ متاثرین دن کے اوقات میں کیمپ میں آ کر کھانا اور طبی سہولت حاصل کرتے ہیں لیکن رات گزارنے کے لیے زیادہ تر اپنے رشتہ داروں کے گھروں کو ترجیح دیتے ہیں۔