لاہور (این این آئی) پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث محکمہ صحت و آبادی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔خواجہ عمران نذیر نے محکمہ صحت و آبادی کی ٹیموں کو 24/7 الرٹ رہنے کی ہدایت کی اورتمام سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس حضرات کو ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھنے کا حکم دیا۔
خواجہ عمران نذیر نے تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس حضرات ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں ۔انہوںنے کہا کہ میں خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لوں گا۔متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویلز فلیٹ فل پیکج کے ساتھ مکمل طور پر فعال رہیںاورمتاثرین کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جا ئیں۔صوبائی وزیر صحت نے محکمہ کو وبائی امراض کی ادویات کی متاثرہ علاقوں میں دستیابی یقینی بنانے اور سانپ کاٹنے اور دیگر ایمرجنسی ادویات کو ہسپتالوں میں دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں اور امدادی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر اعلی مریم نواز شریف ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر متاثرہ علاقوں میں ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔