اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے علاقے میں آج رات خطرے کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔کمشنرز سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مسلسل بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے باعث صورتحال نازک ہے۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ ریلیف کیمپوں کی سہولیات بہتر بنائی جائیں اور ہر مقام پر ادویات کی وافر مقدار دستیاب ہو۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ گھروں اور فصلوں کے نقصانات کا ریکارڈ مرتب کیا جائے اور جو پُل متاثر ہوئے ہیں انہیں پانی اترتے ہی بحال کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے علاقوں میں جہاں اب بھی خطرہ موجود ہے وہاں لائف جیکٹس فراہم کی جائیں اور ضلعی انتظامیہ عوام کو سیلابی مقامات کی طرف جانے سے روکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، اور وہ خود کل سیالکوٹ اور نارووال کا دورہ کریں گی۔ مریم نواز نے یہ بھی ہدایت دی کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں موجود رہیں۔اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے شاہدرہ کا دورہ کیا اور دریائے راوی میں پانی کی سطح اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہیں دریا میں ممکنہ پانی کے بہاؤ سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ دریائی گزرگاہوں سے لوگوں اور مویشیوں کا انخلا فوری طور پر مکمل کیا جائے۔
دریائے راوی میں شاہدرہ اور ہیڈبلوکی کے مقامات پر پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آج رات بڑا سیلابی ریلا گزر سکتا ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق جسڑ پر 70 سال اور شاہدرہ پر 37 سال بعد پانی کی اتنی بلند سطح دیکھی جارہی ہے۔