اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم ٹاؤن کے علاقے میں مسجد سے لیپ ٹاپ چوری کرنے والے ملزم فاروق عرف کمانڈو کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس ٹیم کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور چوری شدہ لیپ ٹاپ برآمد کر لیا۔
تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ملزم مختلف جرائم میں ملوث رہا ہے اور اس سے شہریوں کے چوری شدہ قیمتی موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ مزید معلوم ہوا کہ ملزم کچھ عرصہ قبل جیل سے رہا ہوا تھا اور شہر کے مختلف علاقوں میں 24 سے زائد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے برآمد شدہ لیپ ٹاپ اصل مالک، محسن نصیر کے حوالے کر دیا، جو جی سی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے طالب علم ہیں۔