راولپنڈی(این این آئی)شہر کے سب سے بڑے ہولی فیملی اسپتال کی تمام لفٹس خراب ہوگئیں۔لفٹس خراب ہونے کے باعث مریضوں کو مختلف ڈیپارٹمنٹس تک لیجانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہولی فیملی اسپتال کی ساڑھے تین ارب کی لاگت سے ری ویمپنگ حال ہی میں مکمل ہوئی تھی، نئی لگنے والی لفٹ سب سٹینڈرڈ ہونے کے باعث خراب ہو رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی کی مین ایمرجنسی سے برن اور سرجیکل فزیو تھراپی آرتھو نیورو وارڈ، او پی ڈی سے لیبارٹری او ٹی اور سرجیکل آئی وارڈ جانے والی لفٹیں خراب ہوئی ہیں۔ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ فٹ میں ٹیکنیکل فالٹ آتا ہے جو ٹھیک کیا جارہا ہے، جس کمپنی کی لفٹ ہیں وہ ان کی منٹینس کی ذمہ دار ہے۔ایم ایس ڈاکٹر اعجاز بٹ نے کہا کہ تمام لفٹس کام کررہی ہیں معمولی فالٹ آتا ہے جسے دور کرلیا جاتا ہے۔