لاہور( این این آئی)ہربنس پورہ کے علاقے میں لیڈی کانسٹیبل کو قتل کر دیاگیا ، نوجوان نے لیڈی کانسٹیبل کو چار گولیاں ماریں اور موقع سے فرار ہو گیا ،آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔ بتایا گیا ہے کہ لیڈی کانسٹیبل ثمن موٹرسائیکل سوار نوجوان کے ساتھ آئی اور دونوںکے درمیان جھگڑا ہوا۔نوجوان نے پارک کے قریب لیڈی کانسٹیبل پر تشدد کیا،موقع پر جمع ہونے والے مقامی لوگوںنے نوجوان کو منع کیا اورلڑکی سے معافی مانگنے کا کہا۔
اسی دوران لڑکے نے پستول نکال لیا اور ہوائی فائرنگ کی جس سے موقع پر جمع ہونے والے لوگ منتشر ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نوجوان نے پہلے لیڈی کانسٹیبل ثمن کے پائوں میں اور پھر سرمیں تین گولیاں ماریں اور موقع سے فرار ہو گیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیاگیا ۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ کو ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی واقعہ کا نوٹس لے کر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔آئی جی پنجاب نے واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج سمیت تمام شواہد کو بروئے کار لایا جائے ۔