لاہور( این این آئی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں بارشوں کے دو نئے اسپیلز کی پیشگوئی کے تناظر میں ایڈوائزری جاری کردی۔نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پہلے اسپیل میں 17اپریل سے 22اپریل تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران آندھی چلنے کے علاوہ کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق بلوچستان میں 17سے 19اپریل جبکہ سندھ میں 18اور 19اپریل کو شدید بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ پنجاب میں 18تا 19اپریل خیبرپختونخوا میں 17تا 21اپریل آندھی، بارش اور ژالہ باری ہوگی۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 18تا 22اپریل بارش،آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے۔دوسری جانب 25 تا 29 اپریل کے دوران دوسرے موسمی سلسلے کے باعث ملک بھر میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دوسرے اسپیل کے دوران بھی کئی علاقوں میں تیز ہواں کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ بارشوں کے باعث خضدار، زیارت، زوب، شیرانی، مسلم باغ، کوئٹہ، پشین، کیچ،پنجگور، گوادراور تربت کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی متوقع ہے۔این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامیہ اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کاشتکاروں کو گندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مدنظر رکھنے اور سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کے غیرضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔