اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے 3 مارچ کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانیکااعلان کردیا۔پی ٹی آئی کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 23 اور 24 فروری کو جمع کرائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 فروری کو ہوگی۔پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات میں کاغذات نامزدگی پر فیصلے 27فروری تک ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیلئے پولنگ 3مارچ کو ہوگی، پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کے لیے پولنگ سینٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکریٹریٹ میں ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہا کہ انٹراپارٹی انتخابات 15دن کے اندر ہو رہے ہیں، ہم نے اپنی پارٹی کو متحرک اور فنکشنل کرنا ہے، تمام پی ٹی آئی ورکرز انتخابات میں حصہ لیں گے۔شیر افضل مروت نے کہا کہ ہمارے پلیٹ فارم سے لڑنے والوں کو سپورٹ کروں گا، ہمارا مینڈیٹ سیاسی جماعتوں نے چوری کیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور ریٹرننگ افسر (آر او) سیاسی جماعتوں کے سہولت کار ہیں۔