کراچی(این این آئی)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے سٹی کورٹ سے حسان نیازی کو فرار کرانے کے کیس میں رہنما استحکام پاکستان پارٹی علی زیدی اور صدر تحریک انصاف سندھ حلیم عادل شیخ پر فرد جرم عائد کردی۔منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں سٹی کورٹ سے حسان نیازی کو فرار کرانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔رہنما استحکام پاکستان پارٹی علی زیدی عدالت میں پیش ہوئے۔جج نے علی زیدی پر اظہار برہم کرتے ہوئے کہا آپ لیٹ آئے ہیں۔جج نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ لیٹ آئے تو لاک اپ میں ڈال دیں گے۔
علی زیدی نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا سر میں تو ٹائم پہ آیا ہوں۔مقدمہ میں گرفتار ملزم تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔حلیم عادل شیخ نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینا جرم بن گیا ہے۔جج صاحب مجھے صرف آپ سے انصاف کی امید ہے۔دونوں رہنما آج عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔دونوں رہنماں نے صحت جرم سے انکار کیا۔ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ سٹی کورٹ میں درج ہے۔عدالت نے رہنما استحکام پاکستان پارٹی علی زیدی اور صدر تحریک انصاف سندھ حلیم عادل شیخ پر فرد جرم عائد کردیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی۔