اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی پریس کانفرنس کو شرم ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر صحت اور ان کے معاونین کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عبدالقادر پٹیل، نیب، وزارتِ صحت اور پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بیرسٹر ابوذر سلمان نیازی کی سربراہی میں چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے تیاریوں کا آغاز کر دیا اور شرمناک پریس کانفرنس پر ہتک عزت سمیت دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ کراچی کے ایک بیہودہ وزیر کی پریس کانفرنس بے شرمی اور لیچر پن کی عمدہ ترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ لاقانونیت اور آئین کی پامالی کا فائدہ اٹھا کر بے شرموں کا گروہ غلاظت کی انتہاؤں کو چھو رہا ہے، ملک کو بنانا رپبلک بنانے کے بعد اوباش زنجیروں میں قید میڈیا کے ذریعے جھوٹ اور بیہودگی کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں۔