لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی ڈی ایم حکومت کی ایک سال کی معاشی کارکردگی کو بدترین قرار دیتے ہوئے اعدادوشمار جاری کر دئیے۔پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عمران خان نے ٹوئٹر پر معاشی کارکردگی پر ایک سال کے اعداد و شمار جاری کئے۔عمران خان نے کہا کہ سازش کے تحت کرپٹ ٹولا ملک پر دوبارہ مسلط کیاگیا جس کے نتیجے میں معیشت زبوں حالی کا شکار ہوگئی۔
عمران خان نے کہا کہ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو اتنا نقصان کوئی دشمن بھی نہیں پہنچا سکتاجتنا گزشتہ ایک سال میں پی ڈی ایم نے پہنچایا ہے، یہ ہماری تاریخ کا بدترین معاشی کارکردگی کا سال ہے، ایک سال کے دوران پاکستان میں فی کس آمدنی 11.38 فیصد کمی ہوئی، تعمیراتی شعبے کی ترقی منفی 5.53 رہی، صنعتی ترقی منفی 2.9، برآمدات منفی 26.2،معاشی ترقی کی شرح منفی 0.29، ترسیلات زر منفی 22.7 رہی، بڑی صنعتوں کی پیداواری شرح منفی 8 اور جی ڈی پی گروتھ منفی 0.29 رہی۔