لاہور( این این آئی)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کااگلا نشانہ میری ملکیتی4مرلے کی لال حویلی ہے لیکن اس کے نتائج کے لئے بھی تیاررہیں ،ہائیکورٹ میں کیس جیت چکا ہوں ،اکیلا آدمی رہتا ہوں ،اگر مارا گیا تو8آدمیوں کے نام متعلقہ اداروں کو لکھ کر درخواست وصول کراچکا ہوں۔
،سیاست دشمنی کا رنگ اختیار کرچکی ہے جس کے نتائج سنگین نکلیں گے۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 10مئی تک کٹی کٹانکل آئے گاآرہوجائے گا یاپارہوجائے گا ،جب دروازے بکتربند گاڑیوں سے توڑیں گے توووٹ بھی تندورمیں پڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات سپریم کورٹ کودھوکہ دینے کاایک بہانہ اورڈنگ ٹپائوپالیسی ہے،10مئی کوآئی ایم ایف کی ایگزیکٹوبورڈکی میٹنگ میں پاکستان ایجنڈے میں نہیں ،حکمران ریلیف میں اورعوام تکلیف میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ گھرکابھیدی خاقان عباسی آٹے کی چوری پر20ارب روپے کاحکومت پرالزام لگارہاہے ،آٹے کی لائنوں میں20آدمی مرگئے بقول خاقان عباسی کے حکومت کی20ارب کی دیہاڑی لگ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کے گھرجوکچھ ہواوہ نگران وزیراعلی کاکیادھراہے ،سعودی عرب جاناایک بہانہ ہے اصل میں آصف زردای کی ہدایت پرپرویزالٰہی نشانہ ہے۔