اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سابق سربراہ پاک فوج جنرل ریٹائڑد قمر جاوید باجوہ کی غلطیوں نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
اپنے بیان میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ عمران خان کو حکومت میں لاناجنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی غلطی تھی اور جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینا عمران خان کی غلطی تھی، دونوں کی غلطیوں نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اپنے محسن پر ڈبل گیم کا الزام لگا رہے ہو نہ کوئی شرم نہ کوئی حیا۔حافظ حمد اللہ نے وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی کے حالیہ بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جنرل باجوہ کے معاملے میں باپ، بیٹا اور عمران خان ایک پیج پر نہیں ہیں، ٹرائیکا وضاحت کرے سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا؟ترجمان پی ڈی ایم نے کہاکہ باپ بیٹا وضاحت کریں کہ جنرل (ر) باجوہ کے معاملے میں عمران خان کے ساتھ ہیں یا باجوہ کے ساتھ؟ ویسے چوہدری پرویز الہی وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کے ماہر ہیں۔