لاہور(این این آئی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ28مئی کے روز پاکستان مسلم ممالک میں سے پہلی ایٹمی قوت بنا، شاہی خاندان کے حواری اوردرباری ایٹمی دھماکوں کے حوالے سے بغلیں بجا رہے ہیں، وہ کسی اور کا کریڈٹ چرانے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس قوم نے اپنا پیٹ کاٹا اور
ریاستی اداروں نے اپنا کردار ادا کیا تو یہ سب ممکن ہوا، ایٹمی دھماکوں کے پیچھے کئی سالوں کی انتھک مشقت اور کئی شخصیات کی محنت شامل تھی جن کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نواز شریف اگر ایٹمی دھماکہ نہ کرتا تو قوم ان کا دھماکہ کر دیتی۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے کہا کہ ظل سبحانی ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کرتے رہے ہیں۔ ریاست اگر نہ چاہتی تو ممکن ہی نہیں تھا کہ مودی کا یار ایٹمی دھماکے کرتا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پانی کی تقسیم پر وفاق کی اکایوں میں تفریق ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے اور چند دنوں سے سندھ کی ایک سیاسی جماعت پانی پر سیاست کرکے سیاسی افق پر زندہ رہنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ 1991میں جو پانی کا معاہدہ ہو ا اس کے تحت تونسہ اورپنجندکے مقام پر پنجاب کو اپنا پانی استعمال کرنے کا حق ہے۔ کپاس پاکستان کے لئے دنیا سے زر مبادلہ کمانے کی اہم فصل ہے اسے پانی دینے جارہے ہیں۔ سندھ کی جانب سے یہ تاثر دینا کہ پنجاب سندھ کی آواز دبانے کی کوشش کررہے ہیں غلط ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔پنجاب سے گزرنے والے پانی کا صرف 8فیصد جبکہ سندھ میں 39فیصد ضائع ہوتا ہے۔ ہمارا
ارسا سے مطالبہ ہے کہ وہ ضائع ہونے والے پانی کی اعداد شمار کو جانچنے کے لئے مانیٹرنگ کے عمل کو یقینی بنائے۔پنجاب 1991پانی کے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ نہ ہم کسی کوڈیکٹیشن دیتے ہیں اور نہ لیتے ہیں۔ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے لیہ میں قومی صحت کارڈ کااجرا کر دیا ہے
اور اب تک لاکھوں افراد نے مختلف اضلاع سے خود کو رجسٹر کروایا ہے۔ اس سال صحت سہولت کارڈ کے لئے 80سے 100ارب کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ پنجاب میں عوام کی کثیر تعداد صحت سہولت کارڈ سے فائدہ اٹھائے گی اور دسمبر 2021تک پورے پنجاب کے 2کروڑ 92لاکھ خاندان صحت کارڈ سے مستفید ہوں گی۔معاون
خصوصی نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے یہ سال مالی اعتبار سے مشکل تھا۔ اس سال اخرجات اور وسائل کے حوالے سے کچھ اہداف مقرر کیے گئے جس کی بدولت غیر ترقیاتی اخرجات میں کمی ہوئی۔ غیر ترقیاتی بجٹ میں 60سے 70ارب روپے بچائے گئے اور اس رقم کو نچلی سطح پرعوام کی فلاح بہبود کے لئے خرچ کیا گیا۔
ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ ظل سبحانی دوم کی یاداشت کو درست کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ جو باتیں کررہے ہیں وہ ان کے عمل سے نہیں ملتیں۔ شوباز شریف نے رات اپنے انٹریو میں جعلی راجکماری کے حوا لے سے سچی بات کہی کہ کسی ایک جماعت کے فرد کو حق حاصل نہیں کہ وہ دوسری جماعت کے حوالے سے غلط بات کرے
اور شوکاز نوٹس جاری کرے۔پنجاب کی سیاست میں کریڈٹ لینے والا خاندان جس طرح صوبہ کو لاغر کر کے گیا وہ سب کے سامنے ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شوباز شریف نے 70سال کی عمر کی بنیاد پر اپنے کیسز میں ضمانت لی۔ اس عمر میں آدمی کو کچھ یاد نہیں رہتا۔راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ پرجیسے ہی انگلی
اٹھی وزیر اعظم عمران خان نے منصفانہ انکوائری کا حکم دیا۔ کاش شوباز شریف لاہوررنگ روڈ کی بے ضابطگیوں کے حوالے سے بھی ایسی کوئی انکوائری کی پیش کر تے جس پر ان کے ساتھیوں نے قومی خزانہ پر ہاتھ صاف کیا۔وزیر اعظم جو کہتے ہے وہ کرتے ہیں۔ ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گھر کے فرد سامنے نہیں ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور جہانگیر گروپ سامنے نہیں ساتھ کھڑا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ سچ سامنے
آئے گا اور سر چڑھ کر بولے گا۔ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ کونسل آف کامن انٹرسٹ کے ذریعے پانی کے مسائل کو حل کریں گے۔ ریاست کا مفاد سیاست کے مفاد سے بڑا ہوتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان پانچ سال کا مینڈیٹ پورا کریں گے۔ مفاہمت کا خواب دیکھنے والوں کی خواہشات دل میں رہ جائیں گی۔ شہباز شریف کس بھائی کو منانے کی بات کررہے ہیں جو عدالتوں سے جھوٹ بول کر دوائی لینے گیا تھا اوروہاں بیٹوں کے کاروبار کو دیکھ رہا ہے۔