اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہد ری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بکھر کر رہ گئی ہے ، کوئی بھی اس اتحاد کو سہارا نہیں دے سکتا ،ووٹ کو عزت دینے والوں کے دور میں تین سال میں 23کابینہ اجلاس ہوئے،الیکٹرانک ووٹنگ مشین تحریک انصاف کی انتخابی اصلاحات کا اہم حصہ ہے،الیکشن کمیشن کو اوورسیز پاکستانیزکو قومی دھارے میں لانے کیلئے
اقدامات کرنے چاہئیں،کورونا کے حوالے سے طبی امداد اور ادویات بوسنیا بھجوائیں گے ،ٹی ایل پی کی پابندی ختم کرنے کی درخواست ریویو کمیٹی کو بھجوا دی ہے،سی پیک سے منسلک چینی باشندوں کو 2 سال کے لیے ورک انٹری ویزا، چین میں پاکستانی مشن کی جانب سے 48 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا،سیکیورٹی کلیئرنس لازمی طور پر 30 دنوں میں کرلی جائے گی۔ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایاکہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا پیپر لیس اجلاس منعقد ہوا،انہوں نے کابینہ کے اجلاس سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پچھلے دس برس میں 226کابینہ کے اجلاس ہوچکے ہیں، پیپلز پارٹی نے 67اجلاس منعقد کئے جبکہ ووٹ کو عزت دینے والوں کے دور میں تین سال میں 23کابینہ اجلاس ہوئے،پاکستان کی تاریخ میں کابینہ کے سب سے زیادہ اجلاس اس حکومت میں ہوئے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ ملک معاشی سطح پر استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے،فلسطین کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کوششوں کو سراہا گیا،مسئلہ کشمیر پر ہونیوالی پیش رفت پر بھی وزیر خارجہ اور انکی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی گئی ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین تحریک انصاف کی انتخابی اصلاحات کا اہم حصہ ہے،وکلاء اور صحافتی تنظیموں نے انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کی درخواست کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اوور سیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینا تحریک انصاف کا ایجنڈا ہے
الیکشن کمیشن کو اوورسیز پاکستانیزکو قومی دھارے میں لانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے کورونا کے حوالے سے طبی امداد اور ادویات بوسنیا بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوںنے بتایاکہ کابینہ نے این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی کی عارضی ذمہ داریاں محمد ایوب کو دینے کی منظوری دی۔ انہوںنے بتایاکہ ٹی ایل پی کی پابندی ختم کرنے کی درخواست ریویو کمیٹی کو بھجوا دی گئی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کرانے کی منظوری دی ہے۔
انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم اب بکھر کر رہ گئی ہے، کوئی بھی اس اتحاد کو سہارا نہیں دے سکتا۔فواد چوہدری نے بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے منسلک اور سرمایہ کاری کی نیت سے آنے والے چینی باشندوں کے لیے ویزا کا خصوصی نظام منظور کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک سے منسلک چینی باشندوں کو 2 سال کے لیے ورک انٹری ویزا، چین میں پاکستانی مشن کی جانب سے
48 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ سیکیورٹی کلیئرنس لازمی طور پر 30 دنوں میں کرلی جائے گی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن تعینات کرنے کی سمری موخر کردی ہے۔فواد چوہدری نے بتایا کہ پاک افغان ٹرانزٹ معاہدے میں 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ترکی اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی تعریف کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی ادارہ جاتی اصلاحات کے 29 اپریل کے فیصلوں کی توثیق کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے پی ٹی وی کے نئے بورڈ کی منظوری دی ہے،سیکرٹری اطلاعات پی ٹی وی بورڈ کی چیئرپرسن ہونگی،ڈی جی ریڈیو اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر پی ٹی وی بورڈ کے ارکان ہونگے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ نیشنل اکاونٹس کمیٹی نے نمو کے متعلق ایسی کیا چیز جاری کی جس کا پہلے کسی کو خیال نہیں تھا؟ جب دنیا کی بڑی ریاستیں معاشی مشکلات کا شکار تھیں تب پاکستان بہتر پوزیشن میں تھا، وزیراعظم نے فیصلہ کیاکورونا کے دوران غریب طبقے کو
بچا کر رکھنا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ ایسا نہیں کہ کورونا کے دوران غریب مشکلات میں رہے، جان و مال کی حفاظت کے ساتھ کورونا کے دوران معیشت کا پہیہ بھی چلائے رکھنا ہے، احساس پروگرام کے ذریعے غریب کی مدد کی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے کورونا کے دوران بروقت فیصلہ کیا اور کردار ادا کیا ، وزارت خزانہ نے کاروبار بند ہونے سے بچایا، وزیراعظم نے تعمیراتی شعبے کو خود دیکھا تاکہ معیشت کے اندر پیسہ آئے، ایک ہزار ارب روپیہ اس طرح پاکستانیوں کے ہاتھ آیا
جو چھوٹی رقم نہیں۔اسد عمر نے کہا کہ برآمدات اور درآمدات کا ڈیٹا ہر ماہ آتا ہے کبھی نہیں سنا کہ غلط آیا، 5?4 ارب ڈالر پچھلے سال سے زیادہ ترسیلات زر اوورسیز پاکستانیز بھیج چکے ہیں، چار میں سے 3 فصلوں کی تاریخی پیداوار ہوئی۔انہوں نے کہا کہ گندم،چاول اور مکئی کی پیداوار میں اضافہ ہوا، گنے کی تاریخی فصل ہوئی، پچھلے سال کے لحاظ سے ہماری کپاس کی فصل خراب ہوئی، پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ گندم مکئی چاول پیدا ہوا، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کا اضافہ 9 فیصد ہو چکا ہے، لارج اسکیل مینو فیکچرنگ میں اضافہ دس فیصد سے اوپر چلا جائے گا۔اسد عمر نے کہا کہ پروڈکشن سیکٹر میں
گروتھ سے مختلف سیکٹر میں بھی بہتری آئے گی، میں نے کبھی نہیں سنا کہ سیمنٹ سیکٹر میں کوئی غلط ڈیٹا آیا ہے، سرمایہ کاروں کو کچھ نظر آرہا ہے تب ہی وہ دلچسپی لے رہے ہیں،اسد عمر نے کہا کہ احساس پروگرام میں دو سو ارب روپے دیے گئے، نجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی مد میں 9 ماہ کے اندر 126 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ
شریف فیملی ایسے تاثر دیتی ہے جیسے انہیں کسی مقدمے میں سزا ہوئی ہی نہیں۔منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے جاری کیئے گئے بیان میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف اور مریم نواز کی اپیل کی سماعت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت نے نواز شریف کو 11، جبکہ مریم نواز کو 8 سال قید کی سزا سنائی۔وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ان مقدمات میں سیدھی بات یہ ہے کہ آپ نے لندن میں اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں۔فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ آپ کے ظاہری اثاثے لندن میں اس قسم کی جائیداد خریدنے کے متحمل نہیں تھے، جب اثاثے ایسی جائیداد خریدنے کے متحمل نہیں تھے تو کیسے یہ جائیداد خریدی؟ ۔