اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ماہرین فلکیات کا کہنا ہے 12 مئی کو چاند نظرآنے کا امکان نہیں تھا کل نظر آنے والا چاند پہلی کا چاند تھا ۔جیو نیوز کے مطابق ماہر فلکیات ڈاکٹر شاہد قریشی کا کہنا ہے 12مئی کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں تھا، اس دن ٹیلی اسکوپ سے بھی چاند نظر آنے کا امکان نہیں تھا، کل نظر آنے
والا چاند پہلی کا چاند تھا عام دنوں میں لوگ 29اور 30 کا چاند دیکھتے ہی نہیں ہیں اس لئے دونوں چاند میں فرق نہیں کر پاتے۔انہوں نے کہاکہ اکثر 30 کا چاند بھی زیادہ بڑا اور روشن ہوتا ہے، جسے دیکھ کر لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ دوسرے دن کا چاند ہے۔دوسری جانب ڈائریکٹر اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی جامعہ کراچی ڈاکٹر جاوید نے بھی 12 مئی کو چاند نظرآنے کے امکان کی تردید کی ہے ، ان کا کہنا ہے دائرہ نگاہ یعنی ہرائزن پر یہ چاند 6 اعشاریہ 5 ڈگری پر تھا، 12 مئی کو پشاور میں بالکل بھی چاند نظرآنے کا امکان نہیں تھا۔جاوید اقبال نے کہا ہے کہ 12 مئی کو ٹیلی اسکوپ سے بھی چاند دیکھنا نہ ممکن تھا۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے جمعرات کی شام کے چاند کی تصویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ رويت ہلال کميٹی کا فیصلہ درست تھا، روزے کی قضا کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی فیصلہ غلط تھا۔