اسلام آباد (مانیٹرنگ + این این آئی) چاند دیکھنے کے معاملے پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری آمنے سامنے آ گئے، نورالحق قادری نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی سے قبل کسی وزیر کا کام نہیں ہے، ایسا کرنا شعائر اسلام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ بدھ کو چاند نظر آنا ممکن نہیں ،جن حضرات نے عید سعودیہ کے ساتھ
منانی ہے یہ ان کی آپشن ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں کہاکہ اس وقت چاند کی عمر پاکستان میں 13 گھنٹے 42 منٹ ہے لہذا چاند کا آج نظر آنا ممکن ہی نہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ جن حضرات نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے یہ ان کی آپشن ہے لیکن جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقلمندی ہو گی۔ چوہدری فواد نے کہاکہ سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودیہ کے مطابق منانی ہے۔