اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پی ڈی ایم کے وٹس گروپ سے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو نکالنے پر اظہار برہمی کیا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو ڈانٹ بھی پلا دی ۔ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے مشاورتی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں جب ایک صحافی نے ان کی توجہ
اس طرف دلائی کہ آپ ایک طرف پیپلز پارٹی اور اے این پی کو اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کا کہہ رہے ہیں دوسری طرف پی ڈی ایم کے آفیشل وٹس گروپ سے ان دونوں جماعتوں کو نکال دیا گیا ہے جس پر مولانا فضل الرحمن نے لاعلمی ظاہر کی تاہم جب پریس کانفرنس کے بعد وہ دوبارہ اپنے کمرے میں گئے تو وہاں پر شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو بلا لیا اور کہا کہ یہ کس نے کیا ہے جس پر احسن اقبال نے کہا کہ چونکہ پیپلز پارٹی اور اے این پی پی ڈی ایم کے عہدوں سے استعفے دے چکے ہیں اس لئے انہوں نے وٹس ایپ گروپ سے نکالا ہے جس پر مولانا غصے میں آ گئے اور کہا کہ پی ڈی ایم کا سربراہ میں ہوں یا آپ ۔آپ نے کس کے کہنے پر یہ کیا ،میں آگ کو بجھانے کی کوشش کررہا ہوں اور آپ اس کو بھڑکا رہے ہیں اس پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب دونوں جماعتیں استعفے دے چکی ہیں پھر ان کو گروپ میں رکھنے کا فائدہ نہیں تھا کیونکہ یہ آفیشل کمیونیکشن کے لئے استعمال ہو رہا ہے تاہم مولانا نے شاہد خاقان عباسی کے جواب سے اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ اتنی جلد بازی نہیں ہونی چاہیے ۔اس پر دونوں رہنما خاموشی سے کمرے سے چلے گئے تاہم مولانا فضل الرحمن نے اس ساری صورت حال پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔