ڈسکہ (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی )علی اسجد ملہی نے والد اور بیٹی دونوں سے شکست کھائی۔روزنامہ جنگ میں جنید آفتاب کی شائع خبر کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد کو حلقہ این اے 75 میں 2018 میں ظاہرے شاہ مرحوم نے شکست دی اور 2021 میں انکی بیٹی نوشین نے شکست
دی۔2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں ظاہرے شاہ نے101769 اور علی اسجد نے61727 ووٹ حاصل کئے جبکہ آزاد امیدوار عثمان خالد نے57778 ،پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر ظہیر الحسن نے4167، ارسلان ظفر نے14807 ،آزاد امیدوار رئوف باجوہ نے1107 ووٹ حاصل کئے. 2018 کے الیکشن میں گیارہ امیدواران نے حصہ لیا تھا جبکہ 10 اپریل 2021 کو حلقہ میں ظاہرے شاہ کی وفات کے بعد دوبارہ ہونے والے ضمنی الیکشن میں نوشین نے111220 اور علی اسجد نے92019 ووٹ حاصل کئے۔دوسری جانب این اے75 ڈسکہ کے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کی شرح43.33 فیصد رہی۔ریٹرننگ آفیسر کے مطابق این اے75 ڈسکہ میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 43.33 فیصد رہی۔حلقے میں 2 لاکھ 12 ہزار 361 ووٹ ڈالے گئے ،17 سو 2 ووٹ گنتی سے خارج ہوئے۔واضح رہے کہ ڈسکہ این اے 75 کے تمام 360 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار نے ایک لاکھ 11 ہزار 220 ووٹوں سے کامیابی حاصل کرلی،ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی کو حلقے سے 92 ہزار 19 ووٹ ملے۔