لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )مظفر گڑھ سے پنجاب اسمبلی کی آزاد حیثیت میں سیٹ جیت کر تحریک انصاف کا حصہ بننے والے ممبر صوبائی اسمبلی خرم لغاری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تحریک انصاف کے نہیں جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں، ہمارے ساتھ صوبائی وزرا سمیت 30 سے 35 اراکین اسمبلی ہیں۔ایم پی اے
خرم لغاری نے مزید کہا کہ ہم آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر جیت چکے ہیں، جہانگیر ترین کا ساتھ دینے پر ہم سے کوئی نہیں پوچھ سکتا، ہم ان کے ہر فیصلے سے اتفاق کریں گے، ان کے فیصلوں کے مطابق چلیں گے۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ جہانگیر ترین ہمیں پارٹی میں لیکر آئے تھے، سوال و جواب ان سے ہوتے ہیں جنہوں نے پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑا ہو، ہم آج بھی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہیں کیونکہ جہانگیرترین خان صاحب کے ساتھ ہیں۔ہم تحریک انصاف کا ووٹ لیکر نہیں آئے، اپنے ووٹ لیکر آئے ہیں، الٹا ہم نے پارٹی کو عزت دی ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا ہے کہ عمران خان کے ارد گرد کے لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کر رہے ہیں جس کا وزیر اعظم کو ایکشن لینا چاہیے، عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں سب سے زیادہ کردار جہانگیر ترین کا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر وزیر اعظم عمران خان
کے اعتماد کے ووٹ لینے میں جہانگیر ترین پیش پیش تھے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جہانگیر ترین جیسے وفادار پارٹی رہنما کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے اسے فوراً بند کیا جائے،جہانگیر ترین کے ساتھ روا رکھا جانے والے رویہ دراصل پارٹی کے مجموعی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ دراصل حقیقت میں جو سیاسی نقصان ہورہا ہے وہ تحریک انصاف کو ہو رہا ہے۔