اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کے میگا پن بجلی کے منصوبے پراجیکٹ ڈائریکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث تاخیر کا شکار ہیں . روزنامہ جنگ میں ارشد عزیز ملک کی شائع خبر کے مطابق پختونخواانرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو)
نے مختلف منصوبوں میںپراجیکٹ ڈائریکٹروں کی بھرتی کے لئے اشتہارات شائع کئے لیکن کسی امیدوار نے دلچسپی کا اظہار نہیں کیا ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے توانائی نے پیڈو انجینئرز کی پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی حیثیت سے تقرری پر پابندی عائد کررکھی ہے ۔مشیر نے پیڈو کو ہدایات جاری کررکھی ہیں کہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی بھرتی مارکیٹ سے کی جائے ۔وزیراعلیٰ کے مشیر پر ادارے کے معاملات میں مداخلت کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے ۔پیڈو کے معاملات میں مداخلت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے توانائی کے لئے وزیراعلیٰ کے مشیرحمایت اللہ نے بتایا کہ وہ ادارے کے انتظامی اور تکنیکی امور میں مداخلت نہیں کرتے صرف بعض ضروری اجلاسوں کی صدارت کر تا ہوں تاکہ اپنے آپ کو تنظیم کے امور سے آگاہ رکھ سکوں اور توانائی اور بجلی کے امور پر وزیر اعلیٰ کو مشورے دے سکوں ۔پیڈو کے معاملات کو سمجھنے کے لئے افسروں سے رابطہ رکھنا پڑتا ہے اس کے لئے اجلاسوں میں شرکت ضروری ہے ۔