اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ امریکی سفیر کی حمزہ شہباز سے ملاقات پر حیرت ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق علی زیدی نے کہا کہ حمزہ شہباز ضمانت پر رہا ہے، بدعنوانی کا سامنا کر رہے ہیں، حمزہ شہباز احتساب کے اداروں پر دباوَ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ حمزہ شہباز بدعنوان سیاستدانوں کے
ایک گروہ کی سربراہی کر رہا ہے،اب ان دونوں کو میثاق جمہوریت کی تجدید کے مجاہد بنا کر پیش کرنے والے فکر مند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز اور بلاول کی جملہ بازی سے جعلی جمہوریت کے علمبردار پریشان ہیں، جمہوریت کے علمبردار ایک دوسرے پر اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹ کے الزام لگانے پر فکرمند ہیں۔علی زیدی نے کہا کہ جب آپ کی سیاست صرف مفادات اور لوٹ مار پر مبنی ہو تو یہی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندر میں پھنسے ملاحوں کی مدد کیلئے سعودی اتھارٹی سے اجازت حاصل کی جائے گی، کشتی کے مالک کے مطابق ملاحوں کی 8 ماہ کی تنخواہیں واجب الادا ہیں۔علی زیدی نے کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ملاحوں نے خودہی کشتی میں رہنے کو ترجیح دی، کشتی کے مالک نے یقین دہانی کرائی کہ انہیں چند روز میں ریسکیو کرلیا جائے گا۔