کراچی(آن لائن)ایم کیو ایم پاکستان نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے راہیں الگ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔کراچی کے نشترپارک میں اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کنونیئر ایم کیو ایم عامر خان نے کہا کہ کراچی شہر کے عوام کے ساتھ ہونے والی نا انصافی اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،جان بوجھ کر شہری سندھ کو تباہ و برباد کیا جارہا ہے
ایم کیوایم پاکستان نے وفاقی حکومت سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے ایم کیوایم پاکستان کے تمام مثبت اقدام کے جواب میں سامنے سے موثر اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔اگر یہی صورتحال رہی تو وفاق کے ساتھ اتحاد میں کوئی فیصلہ کرنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ گذشتہ بیس سالوں سے سیاسی پارٹیاں کراچی سے ووٹ اور اختیار تولیتی ہیں پر کام نہیں کرتی تین سال کا عرصہ گزر گیا اس شہر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی کراچی کے اسکول واسپتال تباہ ہیں تین کروڑ سے زیادہ کی آبادی والے شہر کراچی کو پینے کا پانی میسر نہیں حیدرآبادشہر کھنڈر کا نمونہ بنا ہواہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی شہری آبادیوں میں 3سال میں ترقی نہیں ہوئی تو 2سال میں کیا ہوگی؟ان کامزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان 25مارچ کو یوم تاسیس کا مرکزی پروگرام نشترپارک میں منائے گی نشترپارک کا جلسہ ماضی کے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑے گا کراچی کے حق پرست عوام ایم کیوایم پاکستان کے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں ۔