کراچی(این این آئی) جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایف آئی اے افسر کی جانب سے لڑکی کو مبینہ ہراساں کیے جانے کے واقعے پر ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کی جانب سے نوٹس لے لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایف آئی اے افسر سنجے نے لڑکی کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ امیگریشن پر بحرین سے آئی پندرہ سالہ لڑکی کی کو ہراساں کیا گیا۔
اہلخانہ کے مطابق لڑکی سے اس کا ذاتی موبائل نمبر اور پیسے بھی مانگے گئے جبکہ ایف آئی اے کے سب انسپکٹر سنجے نے موقف دیا کہ لڑکی سے نمبر سسٹم میں انٹری کیلیے مانگا تھا، مٹھائی کے پیسے مذاق میں مانگے تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن زین شیخ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر کو معطل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سنجے کو امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے لیے بلیک لسٹ بھی کردیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر عامر فاروقی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے امیگریشن افسر کو معطل کر کے زون رپورٹ کر دیا گیاہے، ایف آئی اے افسر کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا آغاز کر دیا گیاہے ۔ ایئر پورٹ حکام کے مطابق لڑکی کو مبینہ ہراساں کرنے کا واقعہ گزشتہ شام کے وقت پیش آیا، بحرین سے آنے والی ایک لڑکی کو ایف آئی اے افسر نے مبینہ طور پر ہراساں کیا۔لڑکی نے بتایاکہ ایف آئی اے افسر نے نمبر مانگا اور مٹھائی طلب کی۔مبینہ ہراساں کرنے والے افسر کی لوگوں کی جانب سے ویڈیو بنالی گئی ہے جبکہ ویڈیو میں لوگوں کے سوالات پر ایف آئی اے افسر کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایف آئی اے افسر کہہ رہا ہے کہ لڑکی سے نمبر لسٹ میں لکھنے کے لیے مانگا تھا اور مٹھائی مذاق میں مانگی تھی۔