کراچی (این این آئی)تحریک پاکستان کے نامور رہنما،سابق قائم مقام وزیراعلی سندھ، سابق جنرل سیکرٹری مسلم لیگ سندھ، سربراہ پاکستان اسلامک فورم اور سرپرست فرزندان پاکستان الحاج شمیم الدین منگل کو بعد نماز فجر وفات پا گئے۔ ان کی عمر 91 برس تھی، انہوں نے پس ماندگان میں اہلیہ، دو صاحب زادوں اور پانچ صاحب زادیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔
الحاج شمیم الدین 17 مارچ 1931 کو ہندوستان کے شہر بدایوں میں پیدا ہوئے۔ وہ قیام پاکستان کی تحریک میں بہت سرگرم رہے اور قیام پاکستان کے بعد 7مئی 1950 کو چالیس خاندانوں کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آ گئے۔ پاکستان آنے کے بعد بھی وہ مسلم لیگ سے وابستہ رہے اور مرتے دم تک اس کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ وہ سیاست برائے انسانیت اور خدمت کے قائل تھے اور انہوں نے اپنی ساری زندگی ملک اور قوم کی خدمت میں گزار دی۔ ان کے سماجی کارنامے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے۔ پاکستان آنے کے بعد الحاج شمیم الدین 1950 سے 1953 تک پی ڈبلیو ڈی کراچی میں کمپیوٹر ڈرافٹس مین کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ میئر عبدالستار افغانی کے دور میں اپنے علاقے سے کونسلر منتخب ہوئے جبکہ جنرل ضیاالحق کے دور میں سندھ کونسل کے رکن نامزد کئے گئے جس کے سربراہ جنرل ایس ایم عباسی تھے۔ سید مظفر حسین شاہ جب اسپیکر سندھ اسمبلی تھے تو وہ رکن سندھ اسمبلی رہے اور اس دوران وہ وزیر مذہبی امور، زکوا ،اوقاف، لیبر اور سماجی بہبود رہے۔1987 میں وہ سندھ کے قائم مقام وزیر اعلی بھی رہے۔ الحاج شمیم الدین نے نوے کی دہائی میں ایک غیر سیاسی تنظیم پاکستان اسلامک فورم کی داغ بیل ڈالی جس کے تحت انہوں نے عوام الناس میں اسلام اور پاکستانیت کی ترویج واشاعت کے لئے تادم مرگ خدمات انجام دیں۔ وہ ایک محب وطن اور غیر متنازعہ سیاسی اور سماجی شخصیت تھے ،ان کے عقیدت مندوں کا دائرہ بہت وسیع تھا
جو ان کی قائدانہ صلاحیتوں کے دل سے معترف تھے۔ الحاج شمیم الدین کی نماز جنازہ منگل 23 مارچ 2021 شام 5 بجے ان کی پرانی رہائش گاہ کے قریب عید گاہ گراونڈ وحید آ باد گلبہار پر ادا کی گئی جس میں ان کے عزیز و اقارب، مسلم لیگ کے کارکنوں، رہنماں، مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماں اور سماجی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ ان کی تدفین وحید آباد قبرستان میں کی گئی۔ الحاج شمیم الدین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ سوئم جمعرات کو بعد نماز عصر تا مغرب جامع مسجد المدینہ بلاک بی نارتھ ناظم آباد منعقد ہو گی جبکہ خواتین کے لئے ان کی رہائش گاہ F-83/3 بلاک بی نارتھ ناظم آباد میں اہتمام کیا گیا ہے۔