سرینگر (این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں سرینگر، کولگام، شوپیان اور دیگر علاقوں میں آج مسلسل تیسرے روز بھی پاکستانی پرچم لہرائے اور پوسٹر چسپاں کئے گئے جن میں یوم پاکستان کے سلسلے میں پاکستانی عوام اور حکومت کو
مبارکباد دی گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاکستانی پرچم اور پوسٹر یوم پاکستان منانے کے لئے لہرائے اور چسپاں کئے گئے ہیں ۔پوسٹروں میں قائد اعظم محمد علی جناح، پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سید علی گیلانی سمیت حریت رہنماؤں کی تصاویرلگائی گئی ہیں۔ پوسٹرز جموں و کشمیر لبریشن الائنس ،اہلیان جموں و کشمیر، کشمیر مزاحمتی تحریک، کشمیر حریت یوتھ فورم اور جموں و کشمیر جسٹس لیگ کی طرف سے چسپاں کئے گئے ہیں۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ پوسٹر بھارت کے لئے پیغام ہیں کہ وہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو فوجی طاقت کے استعمال اور ظلم وبربریت سے کمزور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹروں میں بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی کاکشمیریوں کا واضح مطالبہ کیا گیا ہے۔دریں اثناء قابض حکام نے ضلع شوپیان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سخت پابندیاں عائد کردی ہیں جہاں بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز چار کشمیری نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔