لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )لاہور سیالکوٹ موٹروے کیس میں بیٹے عابد ملہی کو سزائے موت ملنے کے فیصلے کے بعد اس کے والد بھی میدان میں آگئے ۔ تفصیلات کے مطابق عابد ملہی کے والد نے کہا ہے کہ اگر اپیل کی کوئی گنجائش بنی تو وہ عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل ضرور کریں گے ۔
انکا کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے گھر کی حالت ٹھیک نہیں ہے ، کھانا کھانے کیلئے پیسوں کی بھی کمی کا سامنا ہے ، ایسے وقت میں ہماری حکومت وقت سے درخواست ہے کہ وہ ہماری مدد کرے،عدالتی فیصلے کے بعد اگر ہماری جائیداد ضبط کی جاتی ہے تو جوان بہو اور اس کی بیٹی کہاں جائے گی ۔ واضح رہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ کیس میں سزا پانے والے مجرموں عابد ملہی اور شفقت بگا کے وکلاء نے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کے لئے اپیل تیار کر لی ہے اور آئندہ ایک سے دو روز میں اسے ہائیکورٹ میں دائر کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیس میں ملوث عابد ملہی اور شفقت بگا کو سزائے موت ، عمر قید ،جائیداد یں ضبط کرنے اور جرمانے کی سزائیںسنائی تھیں۔