اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ مریم نواز کی دھمکی شاید آصف علی زرداری کی طرف تھی، جس میں زبانیں کھینچنا اور کاٹنے وغیرہ کا ذکر تھا، مریم نواز کرپشن کا جواب دینے کی بجائے ادارے پر لشکر کشی کرنے کی کوشش کررہی ہیں،دینی رہنما ایک خاتون کے غیرقانونی و غیر اخلاقی اقدامات کی حمایت کر رہے ہیں،26 مارچ کو جتھے لانے کی
دھمکی کی مذمت کرتے ہیں، پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے اب ان کی سیاست بھی ختم ہو جائیگی،کابینہ میں رد وبدل وزیراعظم کا اختیار ہے، کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کپتان کریں گے،براڈشیٹ کے معاملے اور عدالتی فیصلے کا جائزہ لے کر چند دنوں میں عوام کو آگاہ کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مریم نواز کا لب و لہجہ بڑا اہم ہے، منہ توڑ دیں گے اور تھپڑ ماریں گے جیسے الفاظ استعمال کیے گئے۔شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز اپنی نیب پیشی کے لیے کارکنوں کو اشتعال دلا رہی تھیں، کرپشن کا جواب دینے کی بجائے ادارے پر لشکر کشی کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا گزشتہ روز کنونشن میں لب و لہجہ مایوس کن تھا، مریم نواز کا لب و لہجہ فراست سے عاری فرد کا لگ رہا تھا، مریم نواز پر متعدد مقدمات ہیں وہ نیب پر چڑھائی کی دھمکی دے رہی ہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ یہ رویہ انتہائی خطرناک ہے، مریم نواز پارٹی کارکنان اور دوسرے لوگوں کو تشدد کی ترغیب دے رہی ہیں، اس سب کی آڑ میں یہ مقدمات سے فرار چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان رینٹ کے ہجوم کے لیے موجود تھے، دینی رہنما ایک خاتون کے غیرقانونی و غیر اخلاقی اقدامات کی حمایت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 26 مارچ کو جتھے لانے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہیں، جیلوں میں بیٹھے لوگ بھی یہی سوچ رہے ہوں گے کہ جب پیشی ہو تو جتھے ساتھ لے کر جائیں، یہ ان کے ہتھکنڈے ہیں جن کو یہ قانون سے بچنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے دین کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کیا، پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ ختم ہوگئی اب ان کی سیاست بھی ختم ہوجائیگی، ہم ملک کو قانون اور آئین کے مطابق چلانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور خاتون اول کورونا کے باعث قرنطینہ میں ہیں،کابینہ میں رد وبدل وزیراعظم کا اختیار ہے، کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کپتان کریں گے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پہلے بھی پارٹی کا ترجمان تھا، آج بھی اسی حیثیت میں میڈیا کے سامنے ہوں۔انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ کے معاملے اور عدالتی فیصلے کا جائزہ لے کر چند دنوں میں عوام کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو اچھے طریقے سے ڈیل کریں گے،سابقہ حکومتوں کی کوشش تھی کہ ادارے کمزور رہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیب اورعدالتوں پرحکومت پاکستان کاکوئی اثررسوخ نہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم کی شروع سے کوشش ہے کہ کرپشن کا خاتمہ ہو، حکومت بلیک میلنگ میں نہیں آئیگی،قانون اپناراستہ خود بنائے گا۔