اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کورونا ویکسین لگوا لی ہے۔ انہوں نے سی ڈی اے اسپتال سے سائنو فارم (چینی) ویکسین لگوائی ۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو گزشتہ سال کورونا بھی ہوچکا ہے، جب کہ
آئسولیشن کے دوران ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی اور ان کے بھتیجے راشد شفیق نے بتایا تھا کہ وفاقی وزیر کے جسم میں آکسیجن کا تناسب 92 فیصد ہے، جب کہ ان کے پھپھڑے کورونا سے 10 فیصد متاثر ہوئے ہیں۔دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث مزید 20 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ 3600 سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 669 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ وائرس کے باعث مزید 20 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 13 ہزار 863ہوگئی ہے۔این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44ہزار 498ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 70 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 5 لاکھ 83ہزار 538ہے جب کہ کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 30ہزار 471ہوگئی ہے ۔