اسلام آباد/لاہور( این این آئی)81واں یوم پاکستان 23مارچ بروز منگل ملی جوش وجذبے اور شایان شان طریقے کے ساتھ منایا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل کااعلان کیا گیا ہے ،ملک بھر میں کورونا ایس اوز پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے تقریبات منعقد کی جائیں گی ،تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے ۔
اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے مقام پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہو گی جس میں پاکستان کی بری،بحری اور فضائی افواج سمیت دیگر اداروں کے دستے حصہ لیں گے ،جنگی جہازوں کے فضائی مظاہرے پیش کیے جائیں گے جبکہ بیرون ممالک میں تمام سفارت خانوں میں بھی قومی پرچم لہرانے کی تقاریب منعقد ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق اس دن کی مناسبت سے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامتی سے ہوگا،نماز فجر کے اجتماعات میںملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی اس دن کے حوالے سے اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ ریڈیو پاکستان ،پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کیے جائیں گے جس میں یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں شاعر مشرق سر علامہ اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ مگرپر
وقار تقریبات منعقدہوںگی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے یومِ پاکستان کی پریڈ میں ایس او پیز کے حوالے سے اہم ہدایت نامہ جاری کیاہے ۔پریڈ کے شرکا ء کو پہلے ہی روز سے خصوصی بائیو سکیور ببل میں رکھا گیا ہے۔پریڈ دیکھنے کے لیے آنے والے تمام شرکا ء کو کرونا ایس او پیز
پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، حاظرین کو حفاظتی ماسک کے بغیر پنڈال میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق تمام داخلی مقامات پر خصوصی چیکنگ کی جائے گی، ہرانکلوژر کے داخلی دروازے پر فیس ماسک اور سینیٹائزر کے اطلاق کویقینی بنایا جائے گا۔
پریڈ دیکھنے کے خواہشمند افراد کو درجہ حرارت چیک کرنے کے مرحلے سے گزرنا ہوگا جبکہ تقریب میں مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔علاوہ ازیں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال پہلی بار ایئرپورٹ سکیورٹی فورس اور پنجاب پولیس کا دستہ بھی پریڈ کا حصہ بنے گا۔