کراچی (آن لائن)کراچی سے قومی اسبملی کی نشست این اے 249 پر ضمنی الیکشن تحریک انصاف میں تنازعے کا باعث بن گیا۔پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی کے رکن شہزاد اعوان نے ٹکٹ نہ ملنے پر صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔اپنا استعفیٰ انہوں نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو بجھوادیا ہے۔ملک شہزاد اعوان این اے 249 کے ہی صوبائی حلقے پی ایس 116 سے عام انتخابات میں
منتخب ہوئے تھے۔جبکہ ضمنی الیکشن کیلئے بھی انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم پارٹی قیادت کی جانب سے ضمنی الیکشن کیلئے تحریک انصاف ضلع غربی کے صدر امجد آفریدی کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے جس پر ملک شہزاد اعوان سخت نالاں ہیں۔ملک شہزاد کے قریبی زرائع کا دعویٰ ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی امیدوار امجد آفریدی حلقے میں غیر مقبول ہے، یہ سیٹ ہر حال میں جیت کر وزیراعظم کو تحفے میں دینی ہے اس لیے استعفیٰ دیا ہے۔اس سے قبل ملک شہزاد اعوان نے وزیراعظم عمران خان کو بھی خط لکھا تھا کہ اگر مقامی اور درست امیدوار کو ٹکٹ نہ دیا گیا تو نشست ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں اس حلقے سے تحریک انصاف کے فیصل واوڈا نے محض چند سو ووٹوں کی لیڈ سے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو شکست دی تھی۔یہاں یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ ملک شہزاد اعوان بھی صوبائی۔اسمبلی کی نشست پر صرف 200 ووٹ کے مارجن سے ن لیگ کے ہی امیدوار سے جیتے تھے۔اگر ان کا استعفیٰ منظور کرلیا جاتا ہے تو تحریک انصاف کے ہاتھ سے صوبائی اسمبلی۔کی یہ۔نشست بھی نکل سکتی ہے