اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد چند روز میں کابینہ میں تبدیلی کا امکان ہے ۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم وزراکی کارکردگی کی بنیاد پر وفاقی کابینہ میں
تبدیلی کریں گے جبکہ کابینہ ممبران کے قلمدان بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے ۔نو منتخب سینٹر بیرسٹر علی ظفر اور فیصل واوڈا کو بھی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔واضح رہے فیصل واوڈا سے سینٹر منتخب ہونے کے بعد وزارت پانی و بجلی کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا ۔دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہناہے کہ کابینہ میں ردوبدل وزیراعظم جب چاہیں کر سکتے ہیں،دوسری اننگز میں پرفارمنس بہتر کی جائے گی۔پارلیمانی کمیٹی بننے کے بعد آخری مرحلے میں وزیراعظم شامل ہو جائیں گے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قرضوں کا معاملہ حل ہو گیا ہے، اب مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔ ہمیں ورثے میں بڑی مشکل معیشت ملی،ہم نے پچھلی حکومتوں کے قرضے اتارے۔قرضے مینج ہو چکے ہیں اب مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔