کراچی(این این آئی)آخر کار 14 سال بعد بزرگ شہری آفتاب مجید کو انصاف مل گیا، سندھ ہائیکورٹ نے بزرگ شہری آفتاب مجید کے پلاٹ سے فوری قبصہ ختم کرانے کا حکم دے دیا۔بدھ کو14سال بعد بزرگ شہری آفتاب مجید کو انصاف مل گیا ، سندھ ہائیکورٹ نے بزرگ شہری آفتاب مجید کے پلاٹ سے فوری قبصہ ختم کرانے کا حکم دے دیا ہے۔دوران سماعت عدالت نے پولیس حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیں بتائیںقبضہ کب ختم کرائیں گے ؟ عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہاکہ 24مارچ تک کاروائی کر کے پلاٹ پر قائم غیر قانونی تعمیرات ختم کراکر
رپورٹ پیش کریں، درخواست گزار بزرگ شہری نے عدالت کو بتاکہ میں نے 2007میں سرجانی ٹائون میں 200گز کا پلاٹ خریدا تھا میں نے نقشے کیلئے کے ڈی اے سے رابطہ کیا،کے ڈی اے نے نقشہ تو پاس نہیں کیا مگر اپنے لوگوں سے پلاٹ پر قبضہ کرالیا میں غریب آدمی ہوں میں نے زندگی کی پوری کمائی اس پلاٹ پر لگائی تھی، میرے پاس اور کچھ نہیں ہے میرے پاس اپنا گھر بھی نہیں ہے۔میرے پلاٹ پر کچے مکانات بنا دیئے گئے ہیں، عدالت نے ڈی جی کے ڈی اے ، ایس ایس پی ویسٹ و دیگر کو فوری قبضہ ختم کرانے کا حکم دے دیا۔