سرگودھا(این این آئی)کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش ِنظر سرگودہا یونیورسٹی کی تمام تعلیمی سرگرمیاں 2ہفتے کے لیے آن لائن میڈیم پرمنتقل کر دی گئیں۔زرائع کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش ِنظر حفاظتی اقدامات اْٹھاتے ہوئے سرگودھا یونیورسٹی نے تمام تر تعلیمی سرگرمیاں دو ہفتے کیلئے آن لائن میڈیم پر منتقل کردیں۔ یونیورسٹی اعلامیہ کے مطابق
کرونا وباء سے نمٹنے اور تعلیمی سرگرمیوں کے حوالہ سے قائم کردہ کمیٹی نے کورونا کی تیسری لہر کے پیشِ نظر فزیکل کلاسز کو آن لائن میڈیم پر منتقل کرنے اورتمام ہاسٹلز کو خالی کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا کہ دو ہفتوں کیلئے طلبہ کویونیورسٹی آنے کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ طلبہ کورونا وباء سے محفوظ رہیں۔ دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے وہ طلبہ جنہیں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اور جن کے فزیکل امتحانات دو ہفتوں کے دوران طے ہیں ان کو ہاسٹلز میں رہنے کی اجازت ہوگی تاہم ان کیلئے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ کوویڈ19 کے ایس او پیز پر سختی سے عمل در آمد کریں۔سرگودھا یونیورسٹی نے ٹرانسپورٹ سروس بھی دو ہفتوں کیلئے بند کر دی ہے اور بتایا کہ دو ہفتوں کے بعد کمیٹی کا دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں صورتحال کا پھر سے جائزہ لینے کے بعد یونیورسٹی کے آئندہ تعلیمی ماحول کو بحال کرنے، کلاسز کے آن لائن یا فزیکل انعقاد کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔