اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی، آن لائن ) پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے جن سکولوں میں امتحانات ہورہے ہیں وہاں 19 مارچ تک شیڈول کے مطابق امتحانات لیے جاسکیں گے۔ایک بیان میں ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ ایسے پرائیوٹ سکولز جہاں امتحانات لیے جارہے ہیں وہاں انتظامیہ شیڈول کے مطابق 19 مارچ تک امتحان لے سکتی ہے
لیکن 19 مارچ کے بعد سکولز کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 19 مارچ کے بعدسکولز کھولنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا کم نہ ہوا تو اسکول بند ہی رہیں گے۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تیزی سی بڑھتے کورونا کیسز پر کہا کہ امتحانات کے بغیر طلبا کو اگلی کلاسوں میں پروموٹ کرنے کا آپشن برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں امتحانات کی وجہ سے کورونا کے سائے منڈلا رہے ہیں اور اگر کورونا سے حالات زیادہ خراب ہوئے تو کچھ بھی ممکن ہے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اگر بڑھتے کورونا کیسز میں کمی نہیں آئی تو اسکول بند رکھنے کا آپشن موجود ہے۔دوسر ی جانب ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 58 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ڈھائی ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران
35 ہزار 303 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 95 لاکھ65 ہزار 066 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 511 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد
6 لاکھ 09 ہزار 964 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ61 ہزار 582 ، پنجاب میں ایک لاکھ 88 ہزار 225، خیبر پختونخوا میں 76 ہزار 379، اسلام آباد میں 48 ہزار 495، بلوچستان میں 19 ہزار 233، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 089 اور
گلگت بلتستان میں 4 ہزار 961 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد23ہزار 355 ہے۔ جب کہ ایک ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے
دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 58 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 13 ہزار 595 ہوگئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 136 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 73 ہزار 014 ہوگئی ہے۔