لاہور( این این آئی) قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت خارج کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔پراسکیوٹر جنرل نیب کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز لاہور ہائیکورٹ سے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت پر رہا ہیں، مریم نواز کو
چوہدری شوگر ملز کی تحقیقات کیلئے متعدد مرتبہ طلب کیا ،مریم نواز کیخلاف چوہدری شوگر ملز سمیت دیگر انکوائریز پر تحقیقات جاری ہیں، مریم نواز ضمانت پر رہا ہونے کے باوجود نیب سے تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہیں۔ مریم نواز ریاست مخالف پراپیگنڈا میں بھی مصروف ہیں۔استدعا ہے کہ مریم نواز کی ضمانت منسوخ کی جائے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کو کوئی نقصان پہنچا تو ہم پاکستان کھپے کا نعرہ نہیں لگائیں گے۔نجی ٹی وی کے پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا جب پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہ بینظیر بھٹو کے ساتھ حادثہ پیش آیا تھا تو ان کے ورثا ء نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تھا لیکن ہم وہ نعرہ نہیں لگائیں گے۔جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ اگر مریم نواز کو کچھ ہوا تو اس میں جو لوگ ملوث ہوئے پاکستانی قوم انہیں کٹہرے میں کھڑا کروا دے گی۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے لیگی رہنما پر تنقید کرتے
ہوئے کہا کہ جاوید لطیف جیسے رہنمائوں کی پاکستان سے وفاداری ایک الیکشن کی ہے، انہیں نہ بات کرنے کی تہذیب ہے اور نہ ہی علم و عقل، ان جیسے سیاستدان ہار جائیں تو ملک کے خلاف سازشیں کریں گے۔معاون خصوصی شہباز گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاوید لطیف کا بیان سن کر بہت افسوس ہوا، اس بیان کی مذمت کرتا ہوں، انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہیے۔دعا ہے اللہ نواز شریف اور مریم نواز کو لمبی زندگی ہے، سیاست ہوتی رہتی ہے لیکن ایسا بیان نہیں دینا چاہیے۔