اسلام آباد (این این آئی)ممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی متنازع ٹویٹ پرپاکستان ہندو کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رمیش کمار نے فوری ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہاکہ مذہبی اسکالر ہونے کا دعویدار سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز مواد نشر کر رہا ہے۔
پاکستان ہندو کونسل نے بلاسفیمی ایکٹ کے تحت سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ۔ڈاکٹر رمیش کمار نے الٹی میٹم دیا کہ عامر لیاقت حسین فوری طور پر ہندو دھرم سے منسوب اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرکے معافی مانگے۔ انہوںنے کہاکہ بصورت دیگر پاکستان ہندو کونسل ملک بھر میں احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے،عامر لیاقت کے نفرت انگیز اقدام سے ہندو کمیونٹی اضطرابی کیفیت میں مبتلا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عامر لیاقت آئندہ ایسی شرمناک حرکت سے باز رہنے کی یقین دہانی کرائے۔ انہوںنے مطالبہ کیاکہ معافی نہ مانگنے پر بلاسفیمی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے۔