ڈسکہ(آن لائن) وفاقی وزرا اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ن) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ دھونس، پیسے اور قتل وغارت کی سیاست کی،ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں میں شکست تسلیم کرنے کا حوصلہ نہیں ہے۔، ن لیگ نے اپنے اسپیشلسٹ غنڈہ گردوں کو ڈسکہ الیکشن میں
بھیجا، رانا ثنااللہ نے قتل کی منصوبہ بندی کی۔ ڈسکہ کے حلقہ این اے 75 میں تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کو سبوتاژکرنے کیلئے (ن) نے اپنے سپیشلسٹ رانا ثناء اللہ اور میاں جاوید لطیف کو یہاں بھیجا تھا۔ مگر مریم نواز آج مگرمچھ کے آنسو بہا رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں ساری جانیں گئیں، یہ سب کچھ الیکشن کو آلودہ اور عوام کو ڈرانے کیلئے کیا گیا۔ پچھلے ایک ماہ سے ان کی لیڈرشپ کہہ رہی تھی کہ اب الیکشن بندوق سے جیتیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ملک سے پیسے اور دھونس کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ سینیٹ کے انتخابات میں اپوزیشن کا منافقانہ رویہ ہے۔ اپوزیشن والے سارے وہی لوگ جنہوں نے ووٹ خریدے اور بیچے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سوگوار خاندان کیساتھ اظہار ہمدردی کرنے آیاہوں، ن لیگ نے ہمیشہ پیسے،غنڈہ گردی کی سیاست کی ہے۔ ماضی میں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کوقتل کیاگیاتھا۔شبلی فراز نے کہا کہ عوام کویادہے سانحہ ماڈل ٹاؤ کے مرکزی کردارراناثنااللہ تھے اور ڈسکہ میں بھی رانا ثنااللہ نے قتل کی منصوبہ بندی کی ن لیگ غنڈہ گردی اورقتل وغارت کی سیاست کرتی آئی ہے۔انہوں نے
کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے تھے یہ سارے چورایک ہوجائیں گے عوام نے دیکھ لیااب یہ سارے چور ایک ہوگئے ہیں عمران خان کی قیادت میں کرپشن کی سیاست کاخاتمہ ہورہاہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بھی ضمیرفروشوں کوشکست دیں گے ملک سے دھونس اوردھمکی کی سیاست کاخاتمہ ہونیوالاہے، سینیٹ الیکشن
میں اپوزیشن کارویہ منافقانہ ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمیں نوشہرہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہم ہم نے تودھاندلی کا گلا نہیں پھاڑا۔ یہی ایک جمہوری اور آمر کی گود میں پلنے والی جماعت میں فرق ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ مریم بی بی کی والدہ نے ایک حلقے میں 3 ارب خرچ
کیا تھا۔ ہماری پنجاب حکومت اس ضمنی الیکشن میں بالکل غیر جانبدار رہی۔ اگر الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو اس کا الزام تو ہمیں لگانا چاہیے۔ مریم نواز نے تو رات کو ایک بجے ہی جیت کا اعلان کر دیا تھا؟۔معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان کے ذاتی ملازموں نے الیکشن کو خون آلودہ
کرنے کی سازش کی۔ مریم نواز نے قاتل کو ساتھ کھڑا کرکے شاباش دی۔ وہ چوری کرکے سینہ زوری کر رہی ہیں۔ پی ٹیآ ئی امیدوار علی اسجد ملہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مریم بی بی! ہم 1947ء سے کبھی اپنے گاؤں سے نہیں ہارے۔ اللہ تعالیٰ کا کرم ہوا ہے کہ یہ نشست ہم جیت چکے ہیں۔