نوشہرہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی اختیار ولی نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر لیاقت خٹک سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی سے نہ کبھی ملاقات ہوئی اور نہ ہی فون پر بات ہوئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے نو منتخب رکن
صوبائی اسمبلی اختیار ولی نے کہا کہ پرویز خٹک نے کئی ماہ پہلے لیاقت خٹک سے اختیارات چھین لیے تھے۔نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی اختیار ولی نے کہا کہ لیاقت خٹک کو وزارت سے فارغ کرنے کی باتیں پہلے سے ہو رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی ہار کے لیے کوئی خوبصورت جواز ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی سے دلبرداشتہ لوگوں نے دل کھول کر ووٹ دیا۔ن لیگ کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی اختیار ولی نے مشورہ دیا کہ پاکستان تحریک انصاف اورعمران خان کو چاہیے کہ اپنی شکست تسلیم کرلیں۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار اختیارولی نے کامیابی حاصل کی تھی،تحریک انصاف کے امیدوارمیاں عمر کاکاخیل دوسرے نمبر پر آئے، خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 کے تمام 102 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی 21 ہزار 122 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر آئے جبکہ پی ٹی آئی کے میاں عمر 17 ہزار 23 ووٹ حاصل کیے۔پی کے 63 نوشہرہ میں 102پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ اسٹیشن 44 پر پولنگ تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوئی، پولنگ کے دوران نوشہرہ میں ایس اوپیزپربھی سختی سے عمل نظرآیا۔ یہ نشست سابق صوبائی وزیرمیاں جمشید الدین کاکاخیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔